ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مالیگائوں دھماکے کا ملزم کرنل پروہت کو ملی سپریم کورٹ سے ضمانت

مالیگائوں دھماکے کا ملزم کرنل پروہت کو ملی سپریم کورٹ سے ضمانت

Mon, 21 Aug 2017 14:14:25    S.O. News Service

ممبئی 21/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) مالیگائوں بم دھماکے کے کیس میں ملزم کرنل پرساد پروہت  کو سپریم کورٹ سے بالاخر ضمانت مل گئی ہے.وہ  9 سال سے  جیل میں بند تھا.اس سے پہلے 17 اگست کو معاملے کی سنوائی پوری کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا

جسٹس آر.کے. اگروال اور اے ساپرے کی بینچ نے  فیصلہ سناتے ہوئے کرنل پروہت کی ضمانت کو منظوری دی. پروہت کی طرف سے مشہور  وکیل ہریش سالوے نے ان کا کیس لڑا، جبکہ نیشنل  انویسٹی گیشن  ایجنسی نے پروہت کو ضمانت دیئے جانے کی مخالفت کی۔ ایجنسی کا کہنا تھا  کہ پروہت  کے خلاف کافی ثبوت موجود ہیں اور اس معاملے میں بمبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا جائے۔

سالوے نے کہا کہ انصاف کے مفاد میں پروہت کو ضمانت دی جانی چاہئے، انہوں نے کہا کہ جب اس کیس میں ایک دوسرا ملزم پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ضمانت مل سکتی ہے تو پروہت کو کیوں نہیں ؟ سالوے نے این آئی اے پر دوہرے معیار کو اپنانے کا الزام لگایا۔ سالوے نے یہ بھی کہا کہ کرنل پروہت کا بم دھماکے سے کوئی لنک نہیں ملا ہے اور اگر دھماکے کا الزام ہٹ جاتا ہے تو زیادہ سے زیادہ سات سال کی سزا ہوسکتی ہے۔ جبکہ وہ نو سال سے  جیل میں ہیں۔ پروہت کی طرف سے یہ بھی مانا گیا کہ وہ ابھینو بھارت تنظیم کی میٹنگ میں گیا تھا، لیکن وہ سینا کی جاسوسی کے لئے وہا ں گیا تھا، پروہت نے سپریم کورٹ میں یہ بھی کہا کہ انہیں سیاسی کراس فائر کا شکار بنایا گیا ہے اور اے ٹی ایس نے غلط طریقے سے پھنسایا ہے، انہوں نے  گواہوں کے بیان پر بھی سوال اُٹھایا۔

واضح رہے کہ مالیگائوں میں 29 ستمبر 2008 کو ہوئے بم بلاسٹ میں سات لوگوں کی موت واقع ہوئی تھی۔

جسٹس آر کے اگروال اور جسٹس موھن ایم شانتا ناگودر کی بینچ نے پروہت کی درخواست پر سنوائی کی. اس سے پہلے، 14 اگست کو سپریم کورٹ کے بینچ نے کہا تھا کہ  وہ 17 اگست کو پروہت کی ضمانت عرضی پر غور کریں گے اور پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی ضمانت کو مسترد کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔ عدالت نے کہا تھا کہ ان مسائل پر تفصیل سے غورکرنے کی ضرورت  ہے.

اس سے پہلے، بمبئی ہائی کورٹ نے پروہت  کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔پروہت بمبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ  پہنچے تھے۔وہیں دھماکے کے متاثرین میں سے ایک کے والد  نثار احمد حاجی سید بلال نے سادھوی پرگیہ کو ضمانت دینے کے ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ اُن کا الزام ہے کہ سادھوی پرگیہ "طاقتور شخص" ہے اور وہ اس معاملے میں اس کے گواہوں کو متاثر کر سکتی ہے. انہوں نے سپریم کورٹ سے سادھوی کو ضمانت دینے کے ہائی کورٹ کے  25 اپریل کے حکم پر روک لگانے کی درخواست کی۔

این آئی اے نے پروہت کے معاملے میں داخل جواب میں کہا تھا کہ اُس کے خلاف  کافی ثبوت موجود ہیں، جبکہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے. سپریم کورٹ نے 5 مئی کو پروہت کی ضمانت کی عرضی پر قومی تحقیقاتی ایجنسی اور مہاراشٹرا حکومت سے جواب مانگا تھا۔

 


Share: